بلوچستان اسمبلی : طلباء یونین کی بحالی کی قرارداد منظور

172

 بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے طلباء یونینز کی بحالی کے حوالے سے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء یونینز جمہوری رویوں کو پروان چڑھانے میں کردار ادا کرتی ہیں، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو قیادت طلبہ سیاست سے ہی ملی ہے، یونینز ہی سے لیڈرشپ پیدا ہوتی ہے اگر اس جمہوری عمل کو ختم کیا جائے گا تو طلباء ذہنی طورپر مفلوج ہوجائیں گے۔

جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے ثناء بلوچ نے اپنی قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ طلباء وطالبات کسی بھی ترقی پذیر اور ترقیافتہ معاشرے کی سیاسی، سماجی، تعلیمی، معاشی اور مستقبل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

طلباء وطالبات کے احساسات، خواہشات اور معاشرتی و معاشی معاملات سے متعلق نقطہ نظر طلباء یونینز کے قیام و موثر کردار کے باعث ممکن ہے۔ اس لئے صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ وہ صوبہ سمیت ملک بھر میں طلباء یونینز کی فوری طو رپر بحالی کو یقینی بنائے۔