کراچی سے نال جانے والی منی بس دبئی مسجد اوتھل کے قریب الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ 12 مسافر زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
جمعرات کے روز کراچی سے نال جانے والی مسافر منی بس لسبیلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل میں دبئی ہوٹل کے قریب تیز رفتاری میں ٹائر برسٹ ہونے کی وجہ سے الٹ گئی جس کے نتیجے میں منی بس میں سوار ایک بچہ فرحان ولد سراج سکنہ نال موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 2 بچے بلال ولد اعظم، عادل ولد ولید، خاتون نسیمہ زوجہ رشید احمد، محمد اللہ ولد حضور بخش، عبدالصمد ولد داد محمد، عبداللہ ولد داد محمد، عبدالمالک، سوراب ولد افضل بیگ، رضوان ولد عبدالخالق، لعل محمد، گہرام اور محمد فاروق شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں اور بچے کی نعش اور زخمیوں کو فوری طور پر دسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل پہنچایا گیا جہاں پر ضروری کاروائی کے بعد نعش کو ورثا کے حوالے کردیا جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔