آواران سے خواتین کی گرفتاری شرمناک عمل ہے – ڈاکٹر عبدالمالک

157

 نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آواران سے چار خواتین کی گرفتاری، اسلحہ و بارودی اشیاء کی برآمدگی کو انتہائی مضحکہ خیز، شرمناک عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے غیر انسانی، غیر جمہوری، غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور منفی رویوں سے بلوچستان معاملات،حالات اور بلوچستان کے مسئلے کا حل مزید پیچیدہ ہوگا۔

ایسے اقدامات نفرتوں میں مزید اضافے کا موجب ہونگے خواتین کی گرفتار ی بلوچستان میں اشتعال اور احساس محرومی کو مزید تقویت دے گی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی، لاتعداد نوجوانوں کی جبری گمشدگی، ماورائے آئین و قانون اقدامات پہلے ہی ایک انسانی بحران اور المیے کو جنم دے چکے ہیں لیکن اب بلوچ خواتین کی گرفتار ی اور انہیں دہشتگرد ثابت کرنے کی کوششیں انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔

مذکورہ اقدام سے پہلے زخم خوردہ معاشرے کے زخموں کو کھرید نے اور نمک پاشی کے مترادف ہے،انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار خواتین کو فوری طور پر رہا اور اس قسم کے اشتعال انگیز اقدامات کے اصل کرداروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔