ہر قسم کے حالات میں آواز اٹھاتے رہینگے – ماما قدیر بلوچ

394

کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج کو 3784 دن مکمل ہوگئے۔ خاران سے ظہیر ایڈوکیٹ نے ساتھیوں کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کرکے لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔

وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کتے ہوئے کہا کہ آج بلوچستان کیونکر خون میں لت پت، قتل و غارت اور ظلم و ستم کے ہچکولے کھانے پر مجبور ہے، آج اس وادی میں لوگوں کو دکھیلنے اور یہ حالات پیدا کرنے والے کون ہیں اس سوال کے جواب کے لیے ہمیں ماضی میں جھانکنا ہوگا۔ بلوچستان اگرچہ روز اول سے نا انصافیوں اور محرومیوں کا گھررہا ہے لیکن اس ظلم و ستم میں گذشتہ دو دہائی کے عرصے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو ہنوز جاری ہے جہاں پورے بلوچستان میں چادر و چار دیواری کو پامال کرکے ظلم و جبر کا بازار گرم کیا گیا ہے جس کو ہر آنکھ دیکھنے کی تاب نہیں رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات پر انسانی حقوق کے رکھوالے یا ہمدرد نظر نہیں آتے ہیں جو انسانیت اور انسانی حقوق کے دعویدار ہے، بلوچ قوم کا خون سب سے سستا ہوچکا ہے، ہر طرف خون ہی خون نظر آرہا ہے جس کے باعث یہاں باسی ہجرت پر مجبور ہوچکے ہیں بلوچستان کے حالات کو اس حد تک لانے میں خود حکمران اور عسکری ادارے ملوث رہے ہیں۔

ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ کئی سالوں سے ہم لاپتہ افراد کے لیے احتجاج کررہے ہیں لیکن عالمی انسانی حقوق کے اداروں نے ہماری طرف خاطر خواہ توجہ نہیں دی لیکن ہم کسی قسم کے بھی حالات میں اپنی مدد آپ کے تحت آواز اٹھاتے رہینگے۔