نصیر آباد ڈویژن میں ہیپاٹائیٹس کے مرض میں تشویشناک حد تک اضافہ

195

 نصیرآبادڈویژن میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی میں اضافہ یونیسیف کے تعاون سے محکمہ صحت کی جانب سے کرائی گئی 10روزہ تشخیصی مہم کے دوران ڈویژن نصیرآباد میں 2789ہیپاٹائیٹس بی اور سی کے نئے کیسز سامنے آگئے نصیرآباد ڈویژن میں ہیپاٹائیٹس سی کی ادویات ناپید ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ یونیسیف کے تعاون سے محکمہ صحت نصیرآباد کے زیراہتمام نصیرآباد ڈویژن میں 10روزہ مہم کے دوران ہیپاٹائیٹس بی،سی،اور ایڈزکے ٹیسٹ کیئے گئے ذرائع کے مطابق نصیرآباد ڈویژن بھر میں دس روزہ مہم کے دوران 19669افراد کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 2789افراد میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی کے مرض میں مبتلاپائے گئے۔

ضلع نصیرآباد میں کل4608افراد کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 700ہیپاٹائیٹس سی اور327افراد ہیپاٹائیٹس بی کے مرض میں مبتلاپائے گئے ہیں نصیرآباد میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی کے مرض کیسز سامنے آنے کے بعد عوام سخت بے چینی کا شکار ہوگئے ہیں تاہم نصیرآباد ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائیٹس سی کی ادویات کئی ماہ سے ناپید ہیں۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیرآباد ڈاکڑ عبدالمنان لاکٹی سے اعداوشمار کی تصدیق کے لئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ضلع نصیرآباد میں بڑھتے ہوئے ہیپاٹائیٹس بی اور سی کے مریضوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس مہم سے قبل بھی ضلع نصیرآباد میں ایک لاکھ 90ہزارسے زائد افراد کے ٹیسٹ کرکے انہیں ہیپاٹائیٹس سے بچاو کے ویکسینیشن کردی گئی ہے اور ہزاروں مریضوں کا مفت علاج معالج اور ادویات فراہم کی گئیں ہیں اور ایک بار پھر مریضوں میں اضافے کے سبب صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کو ہیپاٹائیٹس بی اور سی کی ادویات کی فراہمی کے لئے ڈیمانڈ بھجوادی گئی ہے جلد ہی نئے مریضوں کا علاج بھی شروع کردیا جائے گا۔