لورالائی سے دو افراد کی لاشیں برآمد

297

دونوں افراد کو گذشتہ روز دکی کے علاقے انزر گٹ سے اغواء کیا گیا تھا ۔

آمدہ اطلاعات کے مطابق دکی کے علاقے انزر گٹ سے اغواء ہونے والے دو افراد کی لاشیں ہرنائی کے پہاڑی علاقے تور خان سے برآمد ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق دونوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا ہے۔

ڈی سی ہرنائی کے مطابق قتل ہونے والے ایک شخص کی جیب سے برآمد ہونے والے شناختی کارڈ پہ حبیب اللہ سکنہ دکی پتہ  لکھا ہوا  ہے۔

 واضح رہے کہ  گذشتہ روز بھی سنجاوی کے علاقے لال کٹائی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے لورلائی سے دکی جانے والے افراد جوکہ فیلڈر گاڑی میں سوار تھے، گاڑی سے اتار کر ہاتھ اور پاؤں باندھنے کے بعد سیدال بلوچ اور نصراللہ بلوچ کو قتل کردیا گیا۔

جبکہ فائرنگ سے  انکے دو دیگر ساتھی زخمی ہوئے تھے ۔

زخمیوں کو سنجاوی انتظامیہ نے لورالائی جبکہ جاں بحق افراد کو سول ہسپتال سنجاوی منتقل کردیا تھا ۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور جوکہ فورسز کی وردی میں اور سرپ گاڑی میں سوار تھے، فائرنگ کے بعد دکی کی جانب فرار ہو گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، تاہم اب تک کل کے اور آج کے واقعہ کے اصل محرکات معلوم نہ ہو سکے ۔