عمران خان کے استعفی تک آزادی مارچ جاری رہے گا – جے یو آئی

145

 جے یو آئی (ف) نے وزیراعظم کے استعفی تک آزادی مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمیعت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان کے استعفی تک آزادی مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رہنما جے یو آئی (ف) مولاناعبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے وزیراعظم کے استعفی تک آزادی مارچ اور تحریک جاری رہے گی۔

علاوہ ازیں بارش کے باعث دھرنے کے شرکا کو ہونے والی مشکلات پر جے یو آئی (ف) نے وزیراعظم کے تعاون کی پیشکش کو بھی مسترد کردیا ہے، رہنما جے یو آئی (ف) مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا کہ وزیراعظم اپنے تعاون کو جیب میں رکھیں ہم نے اپنا انتظام کیا ہوا ہے، ہمارے جیالے اپنا انتظام کرکے آئے ہیں، بارش اللہ کی رحمت ہے یہ حکمران زحمت ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات اسلام آباد میں بارش کے بعد دھرنے میں شامل شرکاء کی مشکلات میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو دھرنے کے مقام پر جانے کی ہدایت کی تھی۔

جے یو آئی ف کے رہنما سینیٹر عبدالغفور حیدری نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کے دوران کہا کہ 25 جولائی 2018 کو انتخابات کا ڈھونگ رچایا گیا، جعلی انتخابات کرکے عمران خان کو وزیراعظم بنایا گیا، عمران خان کو جعلی انتخابات کے ذریعے قوم پر مسلط کیا گیا ہے، اپوزیشن کا متفقہ موقف ہے کہ ملکی تاریخ میں ایسی بدترین دھاندلی کبھی نہیں ہوئی۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ حکومت کو آئینہ دکھاتا ہوں تو حکومتی اراکین کو برا لگتا ہے، پی ٹی آئی کے دھرنے میں ڈھول باجے لائے گئے جب کہ آزادی مارچ کے 11 دنوں میں ایک گملہ نہیں ٹوٹا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مڈٹرم الیکشن ہوتے رہے ہیں اور ملک میں ڈیڑھ سال بعد مڈ ٹرم الیکشن کی تاریخ بھی موجود ہے۔