شمالی وزیرستان: میر علی میں دھماکا، فورسز کے 2 اہلکار ہلاک

287

خیبر پختونخواہ کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاکستانی فوج کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عسکری ذرائع کے مطابق دھماکا بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں پر میر علی کے علاقے شرق خیل میں ہوا ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں دو اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہوگئے جن کی شناخت سپاہی انصار مہدی اور شفقت شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دھماکے میں حوالدار مرتضیٰ زخمی ہوا ہے۔

امدادی ٹیمیوں نے دھماکے میں ہلاک و زخمی اہلکاروں کو ہستپال منتقل کردیا جبکہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

دریں اثنا بنوں کے علاقے جانی خیل میں ایک دھماکا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق جانی خیل میں دھماکا مبینہ طور پر کالعدم تنظیم کے رکن پر ہوا ہے تاہم جانی نقصان کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوسکی ہے۔