وادی کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ، گیس اور بجلی غائب، کوئلہ اور لکڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔
شمالی علاقوں میں برفباری کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقے زیارت، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، قلات اور مستونگ یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں۔ سرد ہوائیں چلنے سے کئی علاقوں میں کاروباری زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اور لوگوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کر دیا۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں کلی برات عالمو چوک، نوان کلی، چمن ہاؤسنگ اسکیم، سریاب، سیٹلائٹ ٹاؤن، موسیٰ کالونی، خلجی کالونی سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی پریشر میں کمی اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
کوئٹہ کے شہریوں نے گیس پریشر کمی کے خلاف جمعہ اور ہفتے کو سوئی سدرن گیس کمپنی کیخلاف احتجاج کی دھمکی دے دی کہ اگر گیس پریشر میں اضافہ نہ کیا گیا تو گیس دفتر کا گھیراؤ کرینگے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہانہ ہزاروں روپے وصول کرنے کے باوجود گیس پریشر میں اضافہ نہیں کیا جارہا اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوئے تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔