سندھ کے شہر ہالہ میں ٹریفک حادثہ، 11 افراد جانبحق

388

سعیداباد کے قریب مرکزی شاہراہ پر المناک حادثہ پیش آیا ہے، مسافر کوچ کی رکشہ سے ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں 11افراد جان کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر ہالہ میں نیو سعید آباد کے قریب مرکزی شاہراہ پر کوچ اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں 11 مسافر جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہوگئے۔

امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پہنچیں، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں کاغذی کارروائی سمیت زخمیوں کی طبی امداد دی جارہی ہے۔

حادثے کے 6 زخمیوں میں سے 3 کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال حیدرآباد ریفر کیا گیا جہاں ایک اور مریض زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، دیگر زخمیوں کو تعلقہ ہسپتال نیو سعید آباد میں طبی امداد دی جا رہی ہے، کوچ اور ڈرائیور کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق نیوسعیدآباد نیشنل ہائی وے بوسیدہ ہونے کے علاوہ موٹروے پولیس کے غیر فعال ہونے سے حادثہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں بھی مرکزی شاہراہ پر مسافر وین اور ٹریلر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد  جاں بحق  اور درجنوں  زخمی ہوگئے تھے۔ مسافر وین مورو سے حیدر آباد آرہی تھی اور حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔