تیرہ نومبر، محسنان وطن کا دن – فراز بلوچ

168

تیرہ نومبر، محسنان وطن کا دن

تحریر: فراز بلوچ

دی بلوچستان پوسٹ

تیرہ نومبر بلوچ قومی تحریک آزادی کیلئے جان نچھاور کرنے والوں اور استعماری و ا ستحصالی قوتوں کے خلاف ڈٹ کر امر ہوجانے والے نڈر شہیدوں کا دن ہے۔ حب الوطنی کو تاریخ ساز اہمیت حاصل ہے اور زندہ قومیں محسنان قوم کو کبھی فراموش نہیں کرتے اپنے محسنوں کو بھلا دینے والی اقوام جلد اپنا وقار کھو دیا کرتی ہیں۔

13نومبر 1839ءہمارے عظیم وطن پرست خان شہید میر محراب خان اور آپ کے غیور ساتھیوں کی وطن پر جانثاری ، فداکاری وشہادت کو تمام شہدائے وطن کی علامتی درخشندہ ستارے کی حیثیت حاصل ہے اور ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ وطن کی حرمت و آزادی کی خاطر ہر قسم کے ذاتی مفادات کو اجتماعی مفاد میں بدل کر وطن وقوم کیلئے اتحاد کے حسین بندھن میں بندھ کر ہر قسم کی قربانی کیلئے خود کو ہمہ وقت تیار کریں اور تدبر ودانائی سے ہر طرح کے چھوٹے بڑے اختلافات کو باہمی مشاورت غورو فکر مثبت بحث وتمص اور شائستگی کے دائرے میں رہ کرحل کریں۔

شہیدوں کا مقدس لہو دھرتی کی عظمت ،قوم کی بیداری ،شان وآن کے حامل ہوتی ہیں۔ زندہ قومیں عظمت کے میناروں کی قربانیوں کومشعلِ راہ بناکر منزل کی جانب قدم سے قدم ملاکر اتحاد کا عملی مظاہرہ کرکے آگے بڑھے اور ہر قسم کے نامساعد حالات کا مردانہ وار سامنا کرتے ہوئے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سبق حاصل کرکے نئے ولولے سے حکمتِ عملی تشکیل دیکر قوم کی امنگوں اور آرزﺅں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔

ہمیں ہر حال میں ان مجوزہ بدلتے حالات کا عمیق اور گہرائی سے تجزیہ ومشاہدہ کرنا ہوگاتدبر، حکمت عملی غورو فکر کواپنا طرہِ امتیاز بنانا ہوگا۔ مظلوم بلوچ قوم کی پریشانیوں کا احساس کرکے تحریک کو سائنسی بنیادوں پر معاشرے کے حقیقی پرتوں کوساتھ لیکر عوام کی شعورواگاہی میں اضافہ کرنا ہوگا۔حالات ووقت کے تقاضوں کے مطابق اپنی صفوں کودرست اور سمتوں کو بہترین انداز میں متعین کرنا ہوگا۔ شہدائے وطن کا یوم ہم سے ان ہی باتوں کا تقاضہ کرتی ہے۔ لہٰذا ضرورتوں کو سمجھ کر مل جل کر کارواں کو منزل تک پہنچانے میں ہی کامیابی ہے۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔