تھائی لینڈ میں فائرنگ سے 15 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

221

 تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے یالا میں چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 15 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

جنوبی تھائی لینڈ کے مسلم اکثریتی صوبے یالا میں نامعلوم مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی، تھائی فوج کے ترجمان کولونل پراموٹ پروم کے مطابق 12 افراد جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ 3 زخمیوں نے اسپتال میں طبی امداد کے دوران توڑ دیا۔ زخمیوں کی تعداد 5 ہے جن کا علاج جاری ہے۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد تقریباً 10تھی، وہ کھیتوں سےگزرتےہوئے چوکی پر پہنچے اور اہلکاروں پر اچانک فائرنگ شروع کردی۔ حملہ آور جاتے ہوئے سیکیورٹی چیک پوسٹ سے ہتھیار بھی ساتھ لے گئے جن میں ایم 16 رائفلز اور شارٹ گنز شامل تھیں۔

تھائی فوج نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ حملہ باغیوں کی جانب سے کیا گیا جو رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔ ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔  تھائی لینڈ کے وزیراعظم  نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ جنوبی تھائی لینڈ کے صوبے یالا میں مسلم علیحدگی پسندوں اور تھائی فوج کے درمیان کئی بار خونریز تصادم ہوچکا ہے۔ یہ علاقہ گزشتہ15 سال سے باغیوں کے حملوں کی لپیٹ میں ہے اوراس دوران 7000 ہزارسے زائدافرادہلاک ہوچکے ہیں۔ تھائی لینڈ کی فوج کے ترجمان کے مطابق رواں سال ہلاک ہونے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔