بی ایس او کے بدولت بلوچ قومی جہد دنیا بھر میں اجاگر ہوچکی ہے – نذیر بلوچ

215

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین نزیر بلوچ نے کہا ہے 26 نومبر کو بی ایس او کے 52 ویں یوم تاسیس پر بلوچستان بھر میں تقاریب منعقد کرکے سیاسی عمل کو پروان چڑھانے کی تجدید عہد کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب جامعہ بلوچستان شہید عمر بلوچ آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس او نے 52 سالہ دور میں ہمیشہ بلوچ کاز کو آگے بڑھانے سیاسی عمل کو پروان چڑھانے، کیڈر سازی اور تربیتی عمل میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا، بلوچستان کی تمام بلوچ قوم پرست سیاسی قیادت بی ایس او کے پیداوار ہے۔ بی ایس او کے کارکنوں نے قربانیاں دے کر بلوچستان میں سیاسی و علمی کلچر، بحث مباحثے اور شعوری عمل کے ذریعے حقیقی قومی نمائندگی کی آج یہی وجہ ہے بی ایس او کے قربانیوں کے بدولت بلوچ قومی جہد دنیا بھر میں اجاگر ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے جدید تقاضوں کے مطابق بی ایس او علم و زانت شعور آگاہی اور قومی سیاسی عمل میں بجائے جذبات کے افکار کی بنیاد پر قومی تحریک کو پروان چڑھانے کی کوشش کررہی ہے موجودہ دور میں کارکنوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ علمی و سیاسی حوالے سے شہداء کے فکر کو آگے بڑھائے تاکہ حقیقی بنیادوں پر قوم کی رہنمائی کرکے مشکلات اور چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے

ان کا کہنا ہے کہ بی ایس او قومی اتحاد و یکجہتی اور مشترکہ نکات پر جدوجہد کے لئے تمام بلوچ طلباء تنظیموں کو مشترکہ جدوجہد پر ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے بی ایس او کے تمام زونز کو تاکید کی ہے کہ یوم تاسیس پر پروگراموں کا انعقاد کرے۔