بلوچستان کے مختلف علاقوں، لسبیلہ، مستونگ، قلعہ سیف اللہ اور دکی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں تین افراد جان بحق اور سولہ افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لسبیلہ کے علاقے وندر میں آر سی ڈی شاہراہ پر ناکہ کھارڑی کے مقام پر گاڑی کی ٹکر سے جمال الدین نامی شخص جاں بحق ہوگیا جن کی نعش کو ضابطے کی کا رروائی کے لئے ریجنل ہیلتھ سنٹر وندر منتقل کر دیا گیا جلکہ مزید کارروائی جا ری ہے۔
دوسری جا نب ضلع مستونگ میں مستونگ لکپاس کے قریب سڑک حادثے میں علی نواز نامی شخص جان کی بازی ہار گیا جو گوہر آباد کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں جبکہ خیر جان ولد محمد وارث زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دریں اثنا ضلع قلعہ سیف اللہ میں مقامی کمپنی کا کوچ الٹنے سے خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے، جن میں چھ شدید زخمی شامل ہے جبکہ دیگر زخمی ہونے والوں کی حالت تسلی بخش بتائی جارہی ہے۔ زخمیوں کو ٹراماسینٹر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
اسی طرح نانا صاحب زیارت کے علاقے میں فیلڈر گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔
لیویز ذرائع کے مطابق نانا صاحب کے علاقے میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص عبدالظاہر ولد محمد نور قوم سید سکنہ ہزار گنجی کوئٹہ جاں بحق جبکہ دوسرا محمد عثمان ولد محمد عیسی قوم کاکڑ سکنہ مسلم باغ زخمی ہوگیا ہے، دونوں افراد نانا صاحب دربار میں زیارت کے غرض سے آئے تھے۔
حادثے کا شکار ہونے والے گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش کیلئے لیویز کاروائی کررہی ہے۔