بلوچستان میں خصوصی پولیو مہم چلائی جائے گی

200

بلوچستان کے 13 اضلاع میں تین روزہ خصوصی پولیو مہم پیر 4 نومبرکو شروع کی جا رہی ہے۔ نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی، صحبت پور، ڈیرہ بگٹی، سبی، لورالائی، دکی، ہرنائی، زیارت، کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں پولیومہم شروع کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینیٹر راشد رزاق نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

بلوچستان میں رواں سال پولیو کے 7 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے تین قلعہ عبداللہ، دو جعفرآباد جبکہ ایک کوئٹہ اور ایک ہرنائی سے رپورٹ ہوئے ہیں جس کی بنیاد پر پولیو کی خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 13 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچانے کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینیٹر راشد رزاق نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران7 ہزار 481 کے قریب ٹیمیں حصہ لینگی جبکہ 4 ہزار547 موبائل ٹیمیں، 450 فکسڈ سائیڈ اور 444 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہونگی۔

واضح رہے کہ پوری دنیا میں پاکستان اور افغانستان ایسے ممالک میں شامل ہیں جہاں پولیو وائرس ابھی تک موجود ہے، رواں سال پاکستان میں پولیو کے 80 کیسز سامنے آئے ہیں جسے ایک چیلنج کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔