ایران میں پرتشدد مظاہرے جاری، جانبحق افراد کی تعداد 106 تک پہنچ گئی

124

ایران میں  پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والے حکومت مخالف احتجاج میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 106 افراد جانبحق ہوگئے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں اور احتجاج کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں میں اب تک 100 سے زائد افراد جانبحق  ہوچکے ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے ایرانی سیکیورٹی فورسز پر طاقت کے بے دریغ استعمال کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعے سے شروع ہونے والے مظاہروں میں اب تک 106 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، یہ ہلاکتیں ایران کے 21 شہروں میں ہونے والے احتجاج کے دوران ہوئیں جب کہ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، مصدقہ ذرائع کے مطابق یہ تعداد 200 سے زیادہ ہے۔

ایرانی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس رپورٹ پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے جب کہ ایرانی انتظامیہ کی جانب سے ہلاکتوں اور زخمیوں کے حوالے سے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔