خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا حوالدار ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے رمک میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تو انہوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار نور علی شاہ موقع پر ہلاک جبکہ جہانگیر شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔
پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک مقابلہ جاری رہنے کے بعد شدت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف پولیس کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
دوسری جانب مقابلے میں ہلاک ہونے والے حوالدار کا نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دیا گیا۔ نماز جنازہ کے بعد ہلاک اہلکار کی جسد خاکی اپنے آبائی علاقہ ٹانک روانہ کردی گئی۔