جمعیت علمائے اسلام ف کا بلوچستان سے آزادی مارچ کا مرکزی قافلہ کل صبح روانہ ہوگا، جے یو آئی ف کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کا کہنا ہے کہ رکاوٹیں کھڑی نہ کی گئیں تو پُرامن طریقے سے وزیراعظم کا استعفیٰ لیکر واپس آجائیں گے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ کا مرکزی قافلہ کل کوئٹہ سے روانہ ہوگا، انتظامیہ کی جانب سے گوادر، تربت، چاغی، نوشکی سمیت مختلف علاقوں میں کارکنوں کو مرکزی قافلے میں شامل ہونے سے روکا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو خبردار کررہے کہ وہ اپنے نمبرز بنانے کیلئے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال نہ کرے، رکاوٹوں سے رکنے والے نہیں، گاڑی نہ ہوئی تو پیدل جائیں گے، مگر ہر صورت اپنی منزل پر پہنچیں گے۔
جے یو آئی ف کے رہنماء کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں کی دھمکیاں مل رہی ہیں، مگر عہد کر رکھا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کے خاتمے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
مولانا عبدالواسع نے واضح کیا کہ کارکنوں سے کہہ دیا کہ رہنماؤں کی گرفتاریوں کی پرواہ نہ کریں، جہاں بھی روکا جائے وہیں دھرنا دے دیا جائے، ہماری جماعت شخصیات کی نہیں نظریہ کی جماعت ہے، وزیراعظم سے استعفیٰ لیکر احتجاج پُرامن طور پر ختم کردیں گے