نوکنڈی واٹرسپلائی اسکیم میں کروڑوں کی کرپشن، عوام پانی سے محروم

309
File Photo

بلوچستان نیشنل پارٹی تحصیل نوکنڈی تفتان کے ترجمان نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی سال سے نوکنڈی میں پانی کی شدید قلت موجود ہے جس کی اہم وجہ گھٹ واٹرسپلائی اسکیم ہے جس کے لیے چالیس کروڑ روپے منظور ہوئے مگر پینسٹھ کلومیٹر دور گھٹ سے نوکنڈی تک پانی نہ پہنچ سکا اور آج بھی اس سردی کے موسم میں معصوم بچے خواتین بڑے بوڑھے ناتواں لوگ در بہ در پانی کے چند بوند کے لیے حیران اور پریشان ہیں مگر پورے شہر میں پانی ناپید ہے اور ایک کربلا کی صورت بنادی گئی ہے جبکہ گھٹ واٹرسپلائی اسکیم میں انتہائی ناقص میٹریل استعمال کیا گیا، غلط سروے اور ناقص پائپس استعمال کرکے کک بیک سے قومی وسائل کو ضائع کیا گیا اور اس چالیس کروڑ کے رقم سے گھٹ واٹر سپلائی اسکیم کے واٹر ٹینکس بھی مکمل نہیں ہوئے ہیں جو نوکنڈی و عوام دشمنی کی انتہا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نوکنڈی کے باسی چالیس کروڑ کے گھٹ واٹر سپلائی اسکیم کے ثمرات سے آج تک محروم ہیں جہاں بڑے پیمانے پر کرپشن مچائی گئی، پیٹی ٹھیکیداروں کے ذریعے اس اسکیم کو مکمل ظاہر کیا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے ان اقدامات کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹھیکوں میں کرپشن لوٹ مار کک بیک کے لیے نوکنڈی کی ترقی کا راگ الاپا جارہا ہے مگر حقیقی بنیادوں پر ان کو نوکنڈی کے عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ایک سیاسی قومی عوامی جماعت ہے گھٹ واٹر سپلائی اسکیم کی فیلئیر پر بطور ذمہ دار سیاسی و عوامی جماعت خاموش نہیں رہیں گے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی نوکنڈی گھٹ واٹر سپلائی اسکیم کے حوالے سے جلد اپنا لائحہ عمل طے کرے گی اس حوالے سے پریس کانفرنس، احتجاجی مظاہرے، ریلی و جلسہ عام سمیت جمہوری احتجاج کے تمام ذرائع استعمال کیے جائیں گے اور نوکنڈی کے عوام کے حقوق اور ان کی بھرپور سیاسی نمائندگی کی جائے گی۔