نفرت انگیز تقریر، بانی ایم کیو ایم الطاف حسین پر برطانیہ میں فرد جرم عائد

276

کراچی کی بڑی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین پر اگست 2016 میں نفرت انگیز تقریر کرنے کے کیس میں برطانیہ میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس نے ان پر تشدد پر اکسانے کے الزام میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کرنے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کمانڈ نے 66 سالہ شخص پر لوگوں کو تشدد پر اکسانے پر فرد جرم عائد کی ہے۔

میٹرو پولیٹن پولیس کے اعلامیے کے مطابق نفرت انگیز تقریر کے الزام میں بانی ایم کیو ایم ضمانت ختم ہونے پر 4 ماہ میں تیسری بار برطانوی پولیس کے سامنے پیش ہوئے۔

بانی ایم کیو ایم پر اگست 2016 میں اشتعال و نفرت انگیز تقریر کے ذریعے کراچی میں لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا الزام ہے۔

بانی ایم کیو ایم گزشتہ ماہ 12 ستمبر کو بھی ضمانت ختم ہونے پر سدک پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے تھے جبکہ رواں برس 11 جون کو بانی ایم کیو ایم کو نفرت انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق 22 اگست 2016 کو الطاف حسین نے کراچی میں ایک اجتماع سے خطاب کیا جس میں وہاں موجود لوگوں کو تشدد پر اکسایا اور انہیں حملہ کرنے کی ترغیب دی۔