مشرق وسطیٰ میں طوفان کیار، سندھ، بلوچستان میں بارش کا امکان

258

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیرہ عرب کے وسط میں شدید سمندری طوفان ‘کیار’ بڑھ رہا ہے جس سے سندھ اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔

پی ایم ڈی کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ‘اس نظام سے پاکستان کا کوئی بھی ساحلی علاقہ براہ راست خطرے میں نہیں ہے’۔

بیان کے مطابق ‘تاہم اس نظام کے باعث سندھ اور مکران کی ساحلی پٹی میں 28 اکتوبر سے 30 اکتوبر پر بارش کا امکان ہے’۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وسط مشرقی بحیرہ عرب میں آنے والا طوفان ‘کیار’ تیزی سے خطرناک انداز میں تبدیل ہورہا ہے اور گزشتہ 12 گھنٹوں سے مغرب اور شمال کی طرف بڑھ رہا ہے۔

پی ایم ڈی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‘یہ نظام 26 اکتوبر کو کراچی سے جنوب مشرق میں 950 کلومیٹر دور اور عمان کے شہر صلالہ کے مشرق اور شمال مشرق میں 1780 کلومیٹر دور تھا’۔

وارننگ میں کہا گیا ہے کہ ‘طوفان کیار مغرب اور شمال مغربی میں عمان کے ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شدید سمندری طوفان میں بدل جائے گا’۔

ماہی گیروں کو خبردار کرتے ہوئے بیان میں پی ایم ڈی نے کہا ہے کہ ‘ماہی گیر بدستور الرٹ رہیں اور 28 اکتوبر سے گہرے سمندر میں نہ جائیں، پی ایم ڈی کا ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر شدت اور اس کے راستے کی بدستور نگرانی کررہا ہے’۔