محمد حسین کا قومی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا – خلیل بلوچ

247

بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین خلیل بلوچ نے پارٹی کے بزرگ رہنما واجہ محمد حسین بلوچ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واجہ محمد حسین بلوچ کی وفات سے پارٹی اپنے بزرگ ترین رہنما، ایک مخلص اور باوقار دوست سے محروم ہوگیا ہے۔ یہ سانحہ ایک ایسی نقصان ہے جس کی تلافی بہت ہی مشکل ہے۔

چیئرمین خلیل بلوچ نے کہا کہ واجہ محمد حسین بلوچ بلوچ قومی سیاست کے کہنہ مشق، کمٹیٹد اور زیرک سیاستدان تھے۔ انہوں نے بلوچ نیشنل موومنٹ کی فعالیت اور آزادی کی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ چیئرمین غلام محمد بلوچ کے اولین ساتھیوں میں سے تھے۔ وہ سچے، بہادر اور ایک عالم انسان تھے۔ دشمن کی بھیانک جبر و دہشت خیزی، دو جوان بیٹوں کی شہادت، پیرانہ سالی اور متعدد بیماریاں واجہ محمد حسین کے فلک بوس حوصلوں کو ماند کرنے میں ناکام رہے۔ گومازی میں دو جوان بیٹوں کی قبریں، دربدر خاندان اور گھر کے کھنڈرات گواہی دیتے رہیں گی کہ پاکستان واجہ محمد حسین کی ہمت، بہادری اور سرزمین سے عشق کے آگے شکست کھا چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ واجہ محمد حسین کثیر المطالعہ اور عالم انسان تھے۔ گومازی میں ان کے گھر کی لائبریری میں سینکڑوں کتابیں موجود تھیں۔ جب دشمن نے متعدد مرتبہ ان کے گھر پر حملہ کیا اوران کی لائبریری سب سے پہلے نشانہ بن گیا۔ فوج نے کتابیں لوٹ کر گھروں کو بلڈوزکردیا۔ وہ ہر وقت کسی کتاب کے مطالعے یا علمی مباحث میں مصروف رہتے تھے۔ بلوچ نیشنل موومنٹ کا ہر کارکن واجہ محمد حسین کے فکر کا وارث ہے۔ بلوچ قوم کا ہر فرزند واجہ محمد حسین کے فکر وفلسفے پر کاربند رہنے کو اپنے لئے فخر کا باعث سمجھتا ہے۔

چیئرمین خلیل بلوچ نے کہا یہ واجہ محمد حسین بلوچ کی تربیت او ر بلوچ آزادی سے عشق کا نتیجہ ہے کہ پورا گھرانہ تحریک آزادی کے کاروان کا حصہ بن گیا۔ جوان بیٹے جام شہادت نوش کرگئے اور بیٹیاں اب بھی سرگرم عمل ہیں۔ میں واجہ محمد حسین کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اللہ تعالی سے دعا ہے کہ انہیں آخرت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔