محمد حسین‘ بلوچ جہد کے ناقابل فراموش باب ہے – واحد کمبر بلوچ

864

بلوچ آزادی پسند رہنما استاد واحد کمبر بلوچ نے بلوچ نیشنل موومنٹ کے بزرگ رہنما واجہ محمد حسین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم بلوچ قومی آزادی کے جدوجہد میں اپنے ناقابل فراموش اور طویل کردار کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ بی این ایم اور بلوچ قومی تحریک کی دوسری ستونوں کو منظم کرنے میں وہ مکران سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں کا سفر کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا واجہ محمد حسین بلوچ بلوچ نیشنل موومنٹ کے بانی رہنماؤں اور شہید چیئرمین غلام محمد بلوچ کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے جدوجہد کے موجودہ دور میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ ایک صاحب علم سیاستدان اور بلوچ سرزمین کے ایک سچے عاشق تھے۔ اپنی علم و فہم اور سچی وابستگی کی وجہ سے وہ بلوچوں کے تمام حلقہ احباب میں قابل قبول شخصیت تھے۔ اس صدی کی ابتدا میں عمر کے جس حصے میں وہ تحریک آزادی میں شامل رہے وہ ایک ناقابل فراموش باب ہے۔ ان کی تعلیمات اور تربیت کی وجہ سے ان کا سارا خاندان بلوچ قومی کاروان میں شامل ہوگیا۔ اس میں ان کے دو جوان بیٹے شہید بھی ہو چکے ہیں۔

استاد واحد کمبربلوچ نے کہا کہ میں واجہ محمد حسین بلوچ کے وفات پر ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگاں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔