لندن: ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد

198
فوٹو: بی بی سی

برطانیہ کی پولیس نے لندن کے مشرقی علاقے میں واقع انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد کرنے کے بعد ایک مشتبہ شخص کوحراست میں لے لیا۔

برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ ٹرک بلغاریہ سے روانہ ہوا اور ویلز کے علاقے ہولی ہیڈ کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہوا۔

اس حوالے سے برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔

چیف سپرنٹنڈنٹ اینڈریو مارینر نے کہا کہ ’ہم متاثرین کی شناخت کررہے ہیں تاہم اس میں وقت لگ سکتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے واقعے پر ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جو تحقیقات مکمل ہونے تک پولیس کی تحویل میں رہیں گے‘۔

لندن کی ایمرجنسی سروسز نے کہا کہ لندن کے وسط سے 20 میل کے فاصلے پر دریائے تھیمز کے قریب گریز کے علاقے میں واقع واٹر گلیڈ انڈسٹریل پارک میں موجود کنٹینر سے لاشیں برآمد ہوئیں۔

برطانیہ کے وزیر داخلہ برینڈن لیوس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ’جانی نقصان سے متعلق ایسی المناک خبر پر میرے احساسات متاثرین، ان کے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں‘۔