سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے الیکشن ٹریبیونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرلیا۔
سابق ڈپٹی اسپیکر نے ایڈووکیٹ نعیم بخاری کے ذریعے سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی۔ دائر کردہ درخواست میں ایڈووکیٹ نعیم بخاری کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹریبونل کے شواہد کا جائزہ نہیں لیا، انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں ان سے منسوب نہیں ہو سکتیں۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالت الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ قاسم سوری نےعدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست کو فوری منظور کرتے ہوئے کل ہی سنا جائے۔
واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل نے قاسم سوری کی کامیابی کو کالعدم قرار دیکر دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تھا۔ اس سے قبل بی این پی کے امیدوار نواب زادہ لشکری رئیسانی نے قاسم سوری کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
قاسم سوری کے خلاف فیصلہ آنے پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اسے سلیکٹڈ حکومت کے خلاف پہلی کامیابی قرار دیا تھا۔