سوشل ازم سائنس ہے | دسواں حصہ – کم جونگ ال | مشتاق علی شان

119

سوشل ازم سائنس ہے | دسواں حصہ

کم جونگ ال | ترجمہ: مشتاق علی شان

دی بلوچستان پوسٹ

ہماری پارٹی نے شروع میں ہی اس خطرے کو بھانپ کر اس کے خلاف انتھک جدوجہد کی ہے۔ پارٹی کے نعرے ”ہم عوام کی خدمت کرتے ہیں“ کے تحت ہمارے کیڈرز اب عوام کے خادموں کی طرح وفاداری سے خدمت کر رہے ہیں لیکن ہم اختیارات کے ناجائز استعمال، نوکر شاہی بے قاعدگیوں اور بدعنوانی کے خلاف جدوجہد سے زرا بھی غفلت نہیں برت سکتے۔ کیوں کہ وہ فرسودہ تصورات کی باقیات میں جڑ پکڑ چکے ہیں اور چوں کہ ہمارے ملک میں مخالفانہ خیالات کے بیج بونے کے لیے سامراج اپنی نظریاتی اور ثقافتی نقب زنی کے منصوبے بہ دستور جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہمیں ان خرابیوں کی بیخ کنی کے لیے کیڈرز میں تعلیمی کام اور ایک زبردست نظریاتی جدوجہد بہ دستور جاری رکھنا چاہیے۔

ہماری پارٹی کی سیاست کی خصوصیت محبت اور اعتماد اور دردمندانہ سیاست ہی ہیں۔ یہ وہ بنیادی عنصر تشکیل دیتی ہے جو ہمارے سوشل ازم کے فوائد اور اس کے ناقابلِ تسخیر ہونے کی توجیح کرتا ہے۔

پارٹی اور قائد کی دردمندانہ سیاست کی بدولت ہمارے عوام انتہائی اعلیٰ اور باوقار زندگی سے محفو ظ ہوتے ہیں، ان کی اعلیٰ سماجی سیاسی کلیت عوام الناس پر مرکوز ہماری اپنی طرز کے سوشلسٹ نظام کے تحت بلند کی جاتی ہے۔ یہ ہمارے معاشرے کی ایک حقیقی خاصیت ہے کہ اس کے تمام افراد ایک بڑے آسودہ حال خاندان کی تشکیل کرتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں اور باہم مل کر ایک عمدہ اور خوش گوار زندگی سے محفوظ ہوتے ہیں۔

ہمارے ملک میں ہر ایک قائد کی اس طرح تعظیم کرتا ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے جیسے کہ وہ ان کا اپنا باپ ہو۔ وہ پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں اور اس کی پیروی کرتے ہیں اور اس کے آغوش کو اپنی ماں کی آغوش کی مانند سمجھتے ہیں۔ قائد پارٹی اور عوام ایک سماجی سیاسی تجسیم کی تشکیل کرتے ہیں اور ایک ہی مقدر میں حصہ دار ہوتے ہیں۔ پورے معاشرے میں کمیونسٹ اخلاقیات موجزن ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر کوئی کسی انقلابی رفیق کو خطرے سے بچانے کے لیے بلا پس و پیش خود اپنی زندگی وقف کر دیتا ہے اور نوجوان مرد اور عورتیں عزت مندانہ طور پر معذور ساتھیوں کے شریک حیات بن جاتے ہیں اور یتیموں اور بے سہارا بوڑھوں کی ایسی جوش و خروش سے نگہداشت کرتے ہیں جیسے وہ ان کے اپنے رشتہ دار ہوں۔ یہ ہماری پارٹی کی خیر خواہانہ سیاست کا قابل فخر نتیجہ ہے۔

ہماری پارٹی کی خیر خواہانہ سیاست کی قوت کا طہار نہ صرف ہمارے عوام کی اعلیٰ روحانی و اخلاقی خصوصیات میں ہوتا ہے بلکہ ان کی راست باز اور عمدہ مادی و ثقافتی زندگی میں بھی نظر آتا ہے جو دن گزرنے کے ساتھ مزید بہتر ہو رہی ہے

ہمارے تمام عوام خوراک، لباس اور رہائش کی فکروں سے آزاد ہیں۔ مفت اور لازمی تعلیم اور طبی امداد کی بہ دولت وہ زندگی تحصیلِ علم کرتے ہیں اور طول العمری اور عمدہ صحت سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ہمارے ملک میں حکومت جسمانی طور پر موزوں تمام محنت کشوں کے لیے ملازمتیں فراہم کرتی ہیں۔ وہ اپنی ذمہ داری سمجھ کر پوری آبادی کی دیکھ بھال کرتی ہے اور ان کی جو عارضی طور پر کام کرنے کی اہلیت کھوچکے ہیں یا جن میں کام کرنے کی اہلیت ہی نہ ہو اور بے سہارا بوڑھوں کی وہ اور زیادہ سرگرمی سے سرپرستی کرتی ہے۔ عمر لوگ انقلابی جنگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے باعزت طریقے سے معذور ہو جانے والے فوجی اور مستحق افراد حکومت کی سرپرستی میں قابلِ قدر زندگی گزارتے ہیں اور وہ لوگوں کی تعظیم اور محبت سے بہرہ مند ہوتے ہیں۔

نئی نسل پارٹی کی فلاحی سیاست کے زبردست فوائد سے بہرہ مند ہو رہی ہے۔ وہ ہمارے انقلاب کے جانشین اور ہمارے ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔ انقلاب کے مستقبل اور ملک اور قوم کے مقدر کا دارومدار اس بات پر ہے کہ ان کی پرورش کس طرح کی جاتی ہے۔ لہٰذا ان کی پرورش مکمل طور پر ان کے والدین کی ذمہ داری قرار نہیں دی جاسکتی۔ سرمایہ دارانہ معاشرے میں جہاں نوجوان نسل کا مستقبل ان کے والدین کی مالی حالت پر منحصر ہوتا ہے وہ سماجی عدم مساوات اور سماجی برائیوں کا شکار ہونے سے زیادی محفوظ نہیں رہ سکتے۔ سامراجیوں کی جارحیت اور مداخلت اور استحصالی طبقے کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں بے شمار نوجوان اپنی زندگیوں سے محروم ہو جاتے ہیں یا جنگ، سماجی ابتری، بیماری اور بھوک سے معذور ہو جاتے ہیں یا وہ سڑکوں پر آوارہ گردی کرتے پھرتے ہیں اور جرائم کے مرتکب ہوتے ہیں اور پستی میں اترتے چلے جاتے ہیں۔ اس کے برعکس ہمارے سوشلسٹ معاشرے میں اس کی فلاحی سیاست سے حکومت تمام نوجوان نسل کو پروان چڑھاتی ہے۔ ہماری پارٹی اور حکومت انھیں انتہائی والہانہ محبت اور گرم جوشی سے نوازتی ہے۔ ہمارے ملک میں وہ دل سے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور گیارہ سالہ عام لازمی تعلمی نظام سے مستفید ہوتے ہیں۔ انھیں اسکول کا یونیفارم اور اسکول کی چیزیں بھی حکومت کی طرف سے فراہم کی جاتی ہیں۔ پارٹی اور قائد اور حکومت اور معاشرے کی انتہائی والہانہ محبت اور سرپرستی کی بہ دولت ہماری نوجوان نسل کسی رشک کے بغیر خوشی خوشی پروان چڑھ رہی ہے۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔