انسداد دہشت گردی عدالت نے زیارت ریزیڈنسی حملہ کیس میں نامزد تمام ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔
کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زیارت میں قائم قائد اعظم ریزیڈنسی حملہ کیس میں نامزد تمام ملزمان کو بری کردیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج جسٹس رحیم داد خلجی نے اس کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اے ٹی سی نے فریقین کے تمام دلائل سننے کے بعد ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ کیس میں 13 ملزمان نامزد تھے، جس میں سے 10 ملزمان ضمانت پر تھے۔
اس سے قبل کیس میں 33 ملزموں پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سال 2013 میں زیارت میں بلوچ آزادوں پسندوں نے محمد علی جناح کی آخری قیام گاہ زیارت ریزیڈنسی دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا جبکہ آتشزدگی کے باعث لکڑی کی بنی عمارت کا آدھے سے زیادہ حصہ مکمل طور پر جل گیا تھا۔
حملے کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے قبول کی گئی تھی جبکہ بی ایل اے کمانڈر جنرل اسلم بلوچ پر بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔