رونالڈو فٹبال سے زیادہ انسٹاگرام سے کمانے والے کھلاڑی

127

پرتگال کے معروف فٹبالر کریسٹیانو رونالڈو سوشل میڈیا پر فٹبال سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

ہاپر ایچ کیو کے بز بنگو میں شائع ہونے والے مطالعے کے مطابق پرتگال کے معروف فٹبالر رونالڈو کھیل کے میدان سے زیادہ انسٹاگرام پر اسپانسرڈ پوسٹ سے کما لیتے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے گزشتہ سال کھیل کے میدان سے 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر معاوضہ وصول کیا تھا جس کے بعد یہ دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے ایتھلیٹ بنے تھے۔

اب رونالڈو صرف انسٹاگرام سے سالانہ 4 کروڑ 78 لاکھ ڈالرز کما کر ریکارڈ توڑ معاوضہ وصول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر  آگئے ہیں۔

انسٹاگرام پر سب سے زیادہ کمانے والوں کی فہرست میں رونالڈو کے بعد ارجنٹینیا کے فٹبالر لیونل میسی ہیں جو سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے 2 کروڑ 33 لاکھ ڈالر سالانہ کمائی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ اس فہرست میں تیسرا نمبر کینڈل جینر کا ہے جو اس پلیٹ فارم سے سالانہ ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر ڈالر کماتی ہیں۔

سوشل میڈیا کی معروف ایپ انسٹاگرام پر رونالڈو کے 187 ملین فالورز ہیں اور یہ سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالووز رکھنے والے کھلاڑی ہیں۔

انسٹاگرام پر اتنی تعداد میں فالوورز ہونے کی وجہ سے کمپنیاں رونالڈو کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں جس میں جوتوں کی بین الاقوامی کمپنی نائکی اور شیمپو کی معروف کمپنی کلیئر بھی شامل ہے۔