بولان میڈیکل کالج کے کنٹینز کو غیر معیاری اشیاء فروخت پر نوٹس جاری

116

کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت و غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر بولان میڈیکل کالج کی کینٹینز کو وارننگ نوٹس جاری کردیا۔

ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے بولان میڈیکل کالج کی کینٹینز و جنرل اسٹور، فیصل ٹاؤن میں قائم مختلف ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا۔

ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں بی ایف اے کی ٹیم نے معائنے کے دوران مذکورہ کھانے پینے کے مراکز میں فروخت ہونے والی مختلف اشیاء خورونوش کے معیار کا جائزہ لیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور عوام کو مضر صحت و غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر بی ایم سی کالج کی کینٹین و جنرل اسٹور سمیت مختلف ڈیپارٹمینٹل و سپراسٹورز کو وارننگ نوٹسز جاری کیئے گئے۔

علاوہ ازیں کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی زائد المعیاد و غیر معیاری غذائی اشیاء، چائنیز نمک اور گٹکا پان پراگ وغیرہ کو موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔

معائنہ ٹیم کی جانب سے ان مراکز کے مالکان و اسٹاف کو صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور محفوظ و حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خور و نوش کی فروخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایات دی گئیں۔