بلیدہ:مسلح افراد کا ڈیتھ اسکواڈ گروہ پر حملہ، دو افراد ہلاک

235

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت امام بخش عرف عیبی ولد رحیم اور شہداد ولد یاسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کا تعلق ڈیتھ اسکواڈ گروپ سے ہیں جبکہ حملہ آور مذکورہ افراد کے بندوق اور موٹر سائیکل بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کے قائم کردہ مسلح گروہ سرگرم ہے جنہیں ڈیتھ اسکواڈ کے نام پکارا جاتا ہے جبکہ بلوچ سیاسی اور سماجی حلقوں کا دعویٰ کہ مذکورہ مسلح گروہوں پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کی پشت پناہی کی بناء پر مختلف جرائم میں بھی ملوث ہیں۔

ڈیتھ اسکواڈ گروپوں پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے گذشتہ دنوں ضلع واشک کے علاقے راغے میں ڈیتھ اسکواڈ گروپ پر شدید نوعیت کا حملہ کیا گیا جس کی ذمہ داری بلوچ مسلح تنظیمیں کے اتحاد پر مشتمل تنظیم بلوچ راجی آجوئی سنگر (براس) کے ترجمان بلوچ خان نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے میں ڈیتھ اسکواڈ کے آٹھ اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئیں جبکہ بی ایل ایف سے تعلق رکھنے والا ہمارا ساتھی زمان عرف دیدگ شہید ہوا۔

تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری آخری اطلاعات تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔