بلوچستان: تیزاب پاشی سمیت مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق، 6 زخمی

175

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیزاب پاشی سمیت مختلف واقعات و حادثات میں تین افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع دکی کے علاقے کلی ملک سلیمان میں کام کے دوران کرنٹ لگنے کے سبب ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

لیویز کے مطابق لاش ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کی گئی جہاں ضروری کارروائی کے بعد میت کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، لاش اور زخمی کو ہرنائی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد دی گئی۔

دریں اثنا جعفر آباد کے علاقے پرانی چنگی کے قریب نامعلوم ملزمان نے گھر کے اندر گھس کر اہل خانہ پر تیزاب پھینک دیا تیزاب سے جھلس کر سلمان علی، اس کی اہلیہ، 2 بھائی عاشق علی اور نادر علی زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔

اسی طرح صدر تھانہ کی حدود میں گوٹھ عبدالصمد سیال نزد جعفر آباد میں معمولی تکرار پر فائرنگ سے ایک بھائی جبل خان ولد آچر جویا جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا بھائی عبدالجبار ولد آچر جویا فائرنگ سے زخمی ہوگیا، زخمی کو سول ہسپتال اوستہ محمد میں طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ مزید تحقیقات پولیس کررہی ہے۔

اُدھر ضلع چاغی کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ایک گھر میں آگ لگ گئی جس کے باعث گھر میں سامان پیسے وغیرہ جلس کر راک ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔