کوئٹہ میں پیر کی شب ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ ایس ایچ او خروٹ آباد تھانہ نور حسن کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں اقدام قتل، دہشت گردی اور دھماکا خیز مواد رکھنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے بقول پیر کی شام کو خروٹ آباد پولیس تھانے کی ایک گاڑی علاقے میں معمول کے گشت پر تھی۔ شہر کے نواحی علاقے اسپینی روڈ سے جب گاڑی گزر رہی تھی تو نا معلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول خود ساختہ بم سے گاڑی پر حملہ کیا جس سے گاڑی میں سوار چار پولیس اہلکاران، اور دو راہگیر زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی ذمہ داری کسی بھی گروپ نے تاحال قبول نہیں کی ہے۔
رواں ہفتے کے دوران یہ دوسرا دھماکہ ہے۔ اس سے پہلے گذشتہ منگل کو کو ئٹہ شہر کے ایک اہم کاروباری علاقے ڈبل روڈ پر پولیس کی سر یع الحرکت فورس کی گاڑی پر بم حملے میں آر آر جی فورس کا ایک جوان ہلاک اور تین پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے تھے ۔