بلوچستان : وندر میں اتوار کے روز زبردستی طالب علموں سے کشمیر کے حق ریلی کا انعقاد

766

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے اسکولوں میں مداخلت اور ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ وندر کے رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز تعطیل کے باوجود اسکول کے طالب علموں کو زبردستی وردی پہنا کر کشمیر کے حق میں ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔

نمائندے کے مطابق ریلی میں عوام نے شرکت سے گریز کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں تعلیمی اداروں میں ہماری بچیوں کی ننگ و ناموس محفوظ نہیں جبکہ ہم سے دوسری جانب یہ توقع کی جارہی ہے کہ ہم کشمیریوں کے حق میں ریلی نکالیں ۔

خیال رہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت کی جانب سے آئے روز کشمیریوں کے حق میں ریلی و مظاہروں کا اعلان کیا جاتا ہے جس کے سبب بلوچستان میں فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں اسکولوں کے اساتذہ کو ڈرا دھمکا کر ریلیوں میں شرکت کی تلیقین کرتے ہیں ۔

وندر ہائی اسکول کے ایک استاد نے نام نہ بتانے کی شرط پر دی بلوچستان پوسٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں باقاعدہ خفیہ ادارے کے ایک اہلکار نے فون کرکے کشمیر کے حق میں ریلی نکالنے کا حکم دیا اور ریلی میں عدم شرکت پر نوکری سے فارغ کرنے کی بھی دھمکی دی ۔