کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی نواں کلی میں کاروائی، بیکری سیل

218

مضر صحت اور غیر معیاری بیکری آئٹمز کی تیاری و فروخت پر ایک بیکری اوردو بیکرز پروڈکشن یونٹس سیل

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء خوردنوش بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈائریکٹر آپریشنز ندا کاظمی کی سربراہی میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے منگل کے روز نواں کلی میں کارروائی کرتے ہوئے رامادا بیکری اینڈ بیکرز پلانٹ اور چمن بیکرز پلانٹ کو پروڈکشن ایریا میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات و زنگ آلود مشینری، غیرمعیاری و مضرصحت پروڈکشن، حشرات کی موجودگی، ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور مجموعی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف اشیاء کی تیاری و فروخت پر سیل کر دیا

واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو عوام کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ گزشتہ روز رامادا بیکری سے خریدی گئیں مختلف اشیاء کے استعمال سے بچوں وخواتین سمیت متعدد افراد غذائی زہریت ( فوڈ پوائزننگ) کا شکار ہوئے تھے جس پر بی ایف اے کی معائنہ ٹیم کی جانب سے فوری رسپانس دیتے ہوئے مذکورہ کاروائی عمل میں لائی گئی۔

علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی حکام نےعلاقے میں موجود دیگر کھانے پینے کے مراکز کا بھی معائنہ کیا اور مختلف اشیاء خورد و نوش کے معیار کا جائزہ لیا، معائنے کے دوران مختلف مراکز کے مالکان و عملے کو عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ اس حوالے سے انہیں خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کیے گئے ۔

دو دن قبل بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے شہباز ٹاؤن اور ڈبل روڈ میں کاروائی کرتے ہوئے ناقص اور غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت ، زائد المعیاد اشیاء کی موجودگی پر معروف سائیگون کیفے اینڈ ریسٹورنٹ سیل کردیا تھا۔