چمن دھماکے میں جے یو آئی رہنما مولانا حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق

358

چمن میں تاج روڈ پر ہونے والے دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا جو مولانا محمد حنیف کے دفتر کے باہر کھڑی تھی، مولانا محمد حنیف کے دفتر سے باہر نکلتے ہی دھماکا  ہو گیا۔

  دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

مولانا محمد حنیف کو  زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

پولیس کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ایک گاڑی میں آگ بھی لگ گئی۔