چاغی سے زیرزمین اسلحہ برآمد، ایرانی شہری گرفتار – فورسز کا دعویٰ

211

فورسز حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی پاک ایران سرحدی علاقے تفتان میں خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

لیویز حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسحلہ وگولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران ایک ایرانی شہری کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائی پاک ایران سرحدی علاقے تفتان میں خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر چاغی فتح خان خجک کے مطابق لیویز فورس نے رات گئے کلی اسٹیشن تفتان کے قریب مکان پر چھاپہ مارا، احاطے کی کھدائی کرنے پر بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

ان کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحہ و گولہ بارود میں مختلف اقسام کی 3 ہزار540 گولیاں، بارودی مواد،223 رائفلیں، 117پیکٹ دھماکہ خیزمواد ، 52 پیکٹ خود کش جیکٹس بنانے میں استعمال ہونے والا پاؤڈر، 35 دستی بم، فیوز،7 فیوز راکٹ، 7 فیوز راکٹ لانچر، 4 چارجر بمعہ ریموٹ، 3 پاور سپلائی اور بیٹری، 2 جی پی ایس، سیٹلائٹ فون بمعہ کیبل، ایک چائنا موبائل بمع 3 ایرانی سم، 2 گھڑیاں، لائیٹ مشین گن کے مختلف حصے اور گولیوں کے خول شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اسلحہ اور گولہ بارود اندرون بلوچستان کارروائی کے لیے چھپایا گیا تھا تاہم بروقت کارروائی سے منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

گرفتار ایرانی شہری کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے ۔