پنجگور میں ڈیتھ اسکواڈ گروہ کا گھر پر حملہ، خواتین و بچوں پر تشدد

262

ڈیتھ اسکواڈ گروہ کے اہلکاروں نے گھر میں موجود قیمتی سامان کا صفایا کردیا۔

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ڈیتھ اسکواڈ گروہ نے گھر پر حملہ کرکے خواتین و بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر میں موجود قیمتی سامان کا صفایا کردیا۔

ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے پروم، ریش پیش میں گذشتہ رات حاجی قیصر خان کے گھر پر پاکستانی خفیہ اداروں کے حمایت یافتہ گروہ نے حملہ کیا۔

یاد رہے مذکورہ خاندان کو پہلی دفعہ ڈیتھ اسکواڈ گروہ یا فورسز نے نشانہ نہیں بنایا ہے بلکہ اس سے قبل مذکورہ گھر سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا جاچکا ہے، حاجی قیصر کے بیٹے حنیف فورسز کے ہاتھوں دو سال کی گمشدگی کے بعد گذشتہ مہینے رہا ہوا ہے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات نصف درجن سے زیادہ گاڑیوں پر مشتمل ڈیتھ اسکواڈ کے اہکاروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر حاجی قیصر کے گھر میں گھس گئے اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناکر گھر سے قیمتی سامان کا صفایا کردیا ۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلح گروہ سرگرم ہے جنہیں ڈیتھ اسکواڈ کے نام سے پکارا جاتا ہے جبکہ بلوچ سیاسی اور سماجی حلقوں کا دعویٰ کہ مذکورہ مسلح گروہ پاکستانی فوج کی پشت پناہی میں سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زامران میں سرکاری ڈیتھ اسکواڈ و منشیات فروشوں کے بیچ تصادم

گذشتہ دنوں واشک کے علاقے راگے گرائی میں نامعلوم مسلح افراد نے میر محمد علی سکنہ راگے گرائی کو اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا تھا، میر محمد علی کے قتل کو بلوچ نیشنل موومنٹ نے اجتماعی سزا کا تسلسل قرار دیا۔

بی این ایم کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان کی فوج، خفیہ اداروں اور فوج کی سرپرستی میں قائم دہشت گرد ڈیتھ سکواڈ کی جانب سے اجتماعی سزا کا مقصد بلوچ قوم کو آزادی کی تحریک کے حمایت سے دست بردار کرنا اور فوج کے لئے کام کرنے پر مجبور کرنا ہے۔