ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) نے اپنی ایک رپورٹ میں سیاحت کے لیے بہترین ممالک کی فہرست جاری کردی ہے۔ دنیا کے 10 پُرکشش سیاحتی ممالک میں سے سات یورپ میں ہیں۔
ڈبلیو ای ایف کی 2019 کی رپورٹ کے مطابق اسپین سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے والا دنیا کا سر فہرست ملک ہے۔ جبکہ فرانس دوسرے، جرمنی تیسرے اور جاپان چوتھے نمبر پر ہے۔
خیال رہے کہ ورلڈ اکنامک فورم نے یہ رپورٹ ممالک کی معاشی صورت حال، امن و عامہ، انفرا اسٹرکچر، صحت کی سہولیات، افرادی قوت اور دیگر عناصر کو مدّنظر رکھ کر ترتیب دی ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم ہر دو سال بعد یہ رپورٹ جاری کرتا ہے۔ جس نے اپنی رپورٹ میں جنوبی ایشیا کے 5 ممالک شامل کیے ہیں۔ جن میں بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اسپین 2015 سے اس فہرست میں سرفہرست ہے۔ جس کی وجہ وہاں سیاحوں کے لیے بہترین قدرتی اور ثقافتی کشش رکھنے والے ذرائع ہیں۔
اسپین کے ساحل سیاحوں کی کشش کا سبب بنتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ بہترین انفراسٹرکچر بھی سیاحوں کی تسلی کا باعث ہے۔
گزشتہ 10 برسوں میں اسپین نے سڑکوں کی تعمیر، ریلوے نظام کی بہتری اور اعلیٰ انتظامات کے حامل ایئر پورٹس بنانے ہیں جن پر کروڑوں یوروز خرچ کیے ہیں۔ اسپین کے مجموعے جی ڈی پی میں سیاحت کا حصہ پانچ فی صد سے زائد ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم نے بہترین سیاحتی ممالک کی رپورٹ مرتب کرتے ہوئے سات پوائنٹس مقرر کیے تھے۔ جبکہ اولین چار ممالک نے 4.5 پوائنٹس حاصل کیے۔ عالمی سطح پر اوسط پوائنٹس 8.3 ہیں۔
رپورٹ میں امریکہ 3.5 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، برطانیہ 2.5 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ آسٹریلیا 1.5 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔
اسی طرح یورپی ملک اٹلی آٹھویں، کینیڈا نویں اور سوئٹزر لینڈ کا نمبر دسواں ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان 140 ممالک میں 121 ویں نمبر پر ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کی 2017 کی رپورٹ میں پاکستان کی رینکنگ 124، 2015 کی رپورٹ میں 125ویں، 2013 کی رپورٹ میں 122ویں جبکہ 2011 کی رپورٹ میں 125ویں نمبر پر تھی۔
بھارت، ورلڈ اکنامک فورم کی 2011 کی رپورٹ میں 68 ویں نمبر پر تھا اور وقت گزرنے کے ساتھ اس کی رینکنگ میں بہتری آرہی ہے۔ 2013 میں بھارت کی پوزیشن 65ویں نمبر پر آئی۔ اسی طرح 2015 میں اس کی پوزیشن 52 ہوئی اور 2017 میں وہ 40ویں نمبر پر تھا۔
ورلڈ اکنامک فورم کی 2019 کی رپورٹ میں بھارت سیاحوں کے لیے پرکشش ممالک کی رینکنگ میں 34ویں نمبر پر ہے۔
جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کا جائزہ لیا جائے تو 2019 کی رپورٹ میں سری لنکا 77، نیپال 102 اور بنگلہ دیش 120ویں نمبر پر ہیں۔
دو ہزار انیس کی رپورٹ میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ آئندہ 10 سال میں سیاحت کے شعبے میں مزید وسعت آئے گی اور ممالک کی معیشت میں سیاحت کا بڑا حصہ ہوگا۔ تاہم اس کے لیے سہولیات، انفرااسٹرکچر اور امن و عامہ کو اہم قرار دیا گیا ہے۔