ٹرانسپورٹ فیڈریشن کا گوادر میں ڈرائیور کے قتل کی مذمت، مکران میں ہڑتال کی حمایت

210

بلوچستان ٹرانسپورٹ فیڈریشن کا گوادر لیویز کی جانب سے ٹرک پر فائرنگ اور ٹرک مالک آصف ساجدی کے قتل کی شدید مذمت، مکران ٹرانسپورٹرز کے ہڑتال کی حمایت کا اعلان

بلوچستان ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے دفترمیں ضلع لسبیلہ کے صدر حاجی محمد عالم شاہوانی کی صدارت میں ٹرانسپورٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اجلاس سے خطاب خطاب کرتے ہوئے حاجی عالم شاہوانی اور دیگر ٹرانسپورٹ رہنماں نے گزشتہ دنوں گوادر لیویز کی جانب سے نیلنٹ کے مقام پر ٹرک پر فائرنگ اور ٹرک اونر آصف ساجدی کو بھتہ نہ دینے پر قتل کرنے کی شدید مذمت کی۔

اجلاس میں اس واقعے کو دہشت گردی اور بھتہ خوری قراردیتے ہوئے ٹرانسپورٹ رہنماں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو لاوارث سمجھ کر بھتہ نہ دینے پر قتل کرنا لاقانونیت اور بھتہ خوری کی بدترین مثال ہے جوکہ ناقابل برداشت ہے، ٹرانسپورٹ فیڈریشن ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ظلم و زیادتی اور ان سے بھتہ لینے پر خاموش نہیں ہوگی۔

انہوں نے کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر گوادر سے مطالبہ کیا کہ وہ شہید ٹرانسپورٹر آصف ساجدی کے قتل اور لیویز کی بھتہ خوری کا فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث تحصیلدار اور لیویز اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کرکے انہیں قرار واقعی سزادیں دیں اور شہید آصف ساجدی کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائیں۔

انہوں نے کہا مکران کے ٹراسپورٹرز نے گوادر انتظامیہ کو دو دن کی جو مہلت دی ہے اگر انتظامیہ نے مطالبات پرعمل نہیں کئے تو بلوچستان ٹرانسپورٹ فیڈرشن ان کے شانہ بہ شانہ ہوکر اپنی گاڑیاں کھڑی کرکے احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے۔