مشکے : فورسز کی کیمپ پر حملہ، ہلاکتوں کی اطلاع

178

وادی مشکے کا شمار بلوچستان کے شورش زدہ علاقوں میں ہوتا ہے۔

ٹی بی پی رپورٹر کے مطابق وادی مشکے میں رات گئے دیر مسلح افراد نے فورسز کے کالج میں واقع کیمپ پر چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے مختلف اطراف سے حملہ کیا ۔

مقامی ذرائع کے مطابق حملہ کافی دیر تک جاری رہا ، اور حملے کے وقت شدید دھماکوں کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی ۔

مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ جس کیمپ پر مسلح افراد نے حملہ کیا وہاں آرمی کا ایک اعلی آفیسر قیام پذیر ہے۔

دوسری جانب مشکے کے علاقے رونجان میں مسلح افراد نے  موبائل کمپنی کے ٹاور کو دھماکہ خیز مواد سے  تباہ کردیا۔

موبائل ٹاور کو تباہ کرنے کے بعد فورسز کی بھاری نفری مذکورہ علاقے کی طرف جارہا تھا کہ پہلے سے گھات لگائے افراد قافلے پر حملہ کیا ۔

فورسز پر مختلف حملوں میں جانی نقصان کی بھی اطلاعات ہیں تاہم ابھی تک پاکستان کی سیکیورٹی زرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔

رات گئے دیر ہونے والے حملوں کے بعد آج صبح مشکے میں ہیلی کاپٹر بھی پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ علاقوں میں آئے روز پاکستانی فورسز پر حملے ہوتے رہتے ہیں جن کی ذمہ داری  بلوچ مسلح گروپ قبول کرتے ہیں تاہم گذشتہ رات کے حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی بھی مسلح گروپ نے قبول نہیں کی ہے ۔