سیاسی قیادت غیر محفوظ ہوچکی ہے، چمن دھماکا قابل مذمت ہے – جان محمد بلیدی

182
فائل فوٹو

نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے چمن بم دھماکے اور اس میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمد حنیف کی ساتھیوں سمیت جانبحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کے دور میں سیاسی قیادت غیر محفوظ ہوچکی ہے حکومت کی تمام ترتوجہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے بجائے اپنے وزراء کی حفاظت پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی غیر ذمہ داری اور نہ اہلی کی وجہ سے آج سیاسی قیادت دہشتگردوں کے لئے آسان ہدف ہے چمن دھماکہ حکومتی کارکردگی اور امن و امان قائم کرنے کے دعوؤں کی نفی ہے دھماکے سے یہ واضع ہوگیا ہے کہ حکومت کی باتیں محض زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں جبکہ عوام اور سیاسی قیادت کے نشانے پر ہیں لیکن حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی جمعیت علماء اسلام کی جانب سے آج صوبے بھر میں دی جانے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کرتی ہے اور یہ واضع کرنا چاہتی ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور سیاسی قیادت کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے چمن دھماکے سمیت حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

انہوں نے نے چمن بم دھماکے میں جانبحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔