سکردو : راولپنڈی جانے والی بس کو حادثہ 26 افراد جانبحق

392

  شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مقام بابو سرٹاپ کے قریب سیاحوں کی بس چٹان سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں جانبحق افراد کی تعداد 26 تک پہنچ گئی، جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق سیاحوں سے بھری بس شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ سے  راولپنڈی کی جانب رواں تھی کہ نیچے کی جانب موڑ کاٹتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی۔

بس بابو سرٹاپ کے قریب چٹان سے ٹکرا کر کھائی میں جا گری۔ حادثے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے، جبکہ 21 افراد دوران علاج چل بسے۔

امدادی ٹیموں کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ امدادی ٹیموں کے مطابق مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

زخمی افراد کو طبی امداد اور لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے چلاس اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بس میں پھنسے دیگر افراد کو نکالنے کیلئے بھی امدادی کارروائی جاری ہے۔

زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جب کہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سے متعلق فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔