راجن پور سے بلوچ مسلح تنظیم کے 3 افراد گرفتار کیئے – سی ٹی ڈی کا دعویٰ

240

سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ راجن پور میں بلوچ آزادی پسندوں کے کاروائی کوناکام بناتے ہوئے مسلح تنظیم کے 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ان سے بارودی مواد اور رقم برآمد کرلی گئی ہے۔

 سی ٹی ڈی کے مطابق موضع چک سوری تھانہ گوٹھ مزاری کی حدود میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے بلوچ مسلح تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین افراد محمد خان، عبد الکریم اور عالی کو گرفتار کرلیا ہے۔

مذکورہ افراد کے قبضے سے 1 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم، 300 گرام ہائی ایکسپلوزو بارود، بیٹری، تاریں بم بنانے کا سامان اور رقم برآمد کرلی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مذکورہ افراد سوئی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑانا چاہتے تھے تاہم سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی سے مذکورہ افراد کے منصوبے کو ناکام بنادیا، گرفتار افراد کو قانون نافظ کرنے والے اداروں نے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔