بلوچستان کے ضلع خضدار کے نواحی علاقے سے گذشتہ روز مسلح افراد نے ایک خاتون کو اغواء کیا، مزاحمت پر خاتون کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز مسلح افراد نے گریشگ میں باران نامی شخص کے گھر پر دھاواں بول دیا جہاں نازیہ بنت باران سکنہ ہسپکنری کو اغواء کیا گیا وہاں پر موجود نازیہ کے بھائی حسین نے مزاحمت کی جنہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث وہ زیر علاج ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ مسلح افراد حکومتی حمایت یافتہ گروہ یعنی ڈیتھ اسکواڈ سے تعلق رکھتے ہیں جن کی سربراہی صمد سمالاڑی نامی شخص کررہا ہے۔
دریں اثنا واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاجاً پنجگور، خضدار اور کراچی کو ملانے والی شاہراہ کو داردان گریشگ کے مقام پر آمد و رفت کیلئے بند کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
یاد رہے پاکستانی فورسز، خفیہ اداروں ور ان کی حمایت یافتہ گروہوں پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خواتین و بچوں کو حراست میں لینے اور لاپتہ کرنے کے الزامات کا سامنا ہے، گذشتہ دنوں حانی گل نامی لڑکی نے انکشاف کیا کہ انہیں پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے تین مہینے تا جبری گمشدگی کا شکار بنایا جبکہ ان کی منگیتر تاحال لاپتہ ہے۔