خاران: فورسز کا آپریشن، 4 افراد اغواء

240

فورسز نے مختلف علاقوں کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی لی۔

خاران میں پاکستانی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ٹی بی پی نمائندے کے مطابق فورسز نے کلی جلال زئی اور کلی گوزگی سمیت متعدد مقامات کو گذشتہ شام مکمل محاصرے میں لیکر رات گئے دیر تک گھر گھر تلاشی لی اور بعض جگہوں پہ لوگوں کو شدید زدوکوب بھی کیا۔

دوران آپریشن فورسز نے ڈاکٹر عبدالستار پیرکزئی اور ان کے بیٹے کامران ستار پیرکزئی، فاروق پیرکزئی اور سفی اللہ مینگل کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے کئی لاپتہ بازیاب ہورہے ہیں تو دوسری جانب فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں گمشدگیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ضلع خاران سمیت دیگر علاقوں سے فوجی آپریشنوں کے دوران گذشتہ دنوں گمشدگیوں کے کئی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں تاہم عسکری حکام کی جانب سے ان آپریشنوں کے حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔