تیل تنصیبات پر حملے: سعودی بادشاہ کا ردعمل سامنے آگیا

118

جدہ: تیل تنصیبات پر حملے کے حوالے سے سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بیان بھی سامنے آگیا۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملوں میں نہ صرف سعودی عرب کی تیل تنصیبات بلکہ عالمی معیشت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

جدہ میں سعودی کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی تنصیبات پر حملے میں دنیا بھر کو ہونے والی تیل کی فراہمی کو نشانہ بنایا گیا، سعودی عرب اپنی تنصیبات پر ہونے والے بزدلانہ حملوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کابینہ نے آرامکو تیل تنصیبات پر حملے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا۔

سعودی کابینہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کا مقابلہ کریں چاہے یہ کہیں سے بھی کیے گئے ہوں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ تیل تنصیبات پر بزدلانہ حملے سعودی عرب کی اہم تنصیبات پر حملوں کے سلسلے کی کڑی ہے، اس حملے نے آزادانہ جہازرانی اور عالمی معاشی نمو کے استحکام کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔