تربت سے فورسز کا اسلحہ، گولہ بارود اور فورسز یونیفارم برآمد کرنے کا دعویٰ

216

فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ‏بلوچستان کے ضلع تربت میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ، بارود، ڈیٹو نیٹر، وائرلیس سیٹ اور دھماکوں میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ذرائع کے مطابق فورسز نے ضلع تربت کے علاقے بلنگور میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد اور دھماکوں میں استعمال ہونے والا دیگر مواد برآمد کرلیا ہے۔

فورسز حکام کے دعوے کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں بارود، ڈیٹو نیٹر، وائرلیس سیٹ، لیویز فورس کی وردیاں، گاڑیوں کے جعلی نمبر پلیٹس اور دھماکوں میں استعمال ہونے والا دیگر سامان شامل ہے جو کسی بڑے حملے میں استعمال ہونا تھا۔

یاد رہے اس سے قبل کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر شیر جان اسٹاپ کے قریب موبائل فونز کی دکان کے ساتھ نامعلوم افراد نے دیسی ساختہ بم نصب کر رکھا تھا۔

وہاں سے گزرنے والے ایک شہری نے نصب بم کو مشتبہ جان کر پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو ناکارہ بنایا جبکہ پولیس اور دیگر حکام بم نصب کرنے والے ملزمان کے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔