بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں چار افراد جانبحق جبکہ بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہرنائی کے علاقے زردالو میں پکنک کی غرض سے پشین سے آئے ہوئے سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقعے پر جانبحق ہوگئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر زردالو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
جانبحق ہونے والے افراد میں سیف اللہ ولد ہدایت اللہ اور یاسر شاہ ولد عبدالغنی شامل ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت طفیل آغا ولد باقی آغا اور محمد عمر ولد زمان سید سکنہ پشین کلی حرمزئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی کوئٹہ سے آئے ہوئے سیاحوں میں سے ایک نوجان تابش مغل ہرنائی کے علاقے پیر شہر میں پانی میں ڈوب کر جانبحق ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان کی قاتل شاہرائیں – ٹی بی پی رپورٹ
دریں اثنا ژوب میں ڈی آئی خان مرکزی شاہراہ پر سنگر کے مقام پر گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں دو افراد چار گل اور سلیم جاںبحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
اسی طرح ضلع مستونگ میں مرکزی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے مقام پر تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے دو کمسن بچیاں زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو ابتدائی طبعی امداد کے لیے الحسن ہوٹل پر واقع نجی میڈیکل کلینک منتقل کر دیا گیا جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی قرار دی گئی۔