بلوچستان : تین اضلاع میں 91 افراد ڈینگی وائرس سے متاثر

268

نو ماہ کے دوران ڈینگی سے تین افراد جاں بحق ہوئیں، کانگو وائرس نے بھی رواں سال گیارہ جانیں لے لیں۔

بلوچستان میں ڈینگی وائرس کے وار شروع ہوگئے، بلوچستان کے تین اضلاع میں پچھلے دو روز کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 91 مریض ہسپتالوں میں داخل کیے جاچکے ہیں۔ جنوری سے اب تک ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2618 ہوگئی، نو ماہ کے دوران ڈینگی سے تین افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کانگو وائرس نے بھی رواں سال گیارہ جانیں لے لیں۔

محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں رواں سال اب تک ڈینگی کے 2618 کیسز سامنے آئے ہیں، 1723 کیسز ضلع کیچ، 852 کیسز ضلع گوادر سے اور 43 کیسز ضلع لسبیلہ سے آئے ہیں جن میں سے تین مریض جاں بحق ہوئے، ان تینوں اضلاع میں پچھلے دو روز کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 91 مریض مختلف ہسپتالو ں میں داخل کئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں رواں سال کانگو کے 52 مشتبہ کیسز سامنے آئے جن میں 23 میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی اور گیارہ مریض لقمہ اجل بن گئے۔

بلوچستان میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت نے ضلع لسبیلہ میں ٹیمیں بھجوادی ہیں جنہوں نے اپنا کام شروع کردیا ہے محکمہ صحت کے حکام کو توقع ہے کہ ضلع لسبیلہ میں ڈینگی پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر کمالان بلوچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ ڈینگی اور ملیریا سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں ل، صبح اور شام کے اوقات میں پورے بازوں والے کپڑے اور مچھر کے کاٹنے سے بچاو کیلئے استعمال ہونے والے لوشن یا اسپرے کے استعمال کو یقینی بنائیں، گھر محلے دکان کو صاف ستھرا رکھنے میں کردار ادا کریں، جن علاقوں میں پانی کھڑا ہوتا ہے ہے انہیں خالی کریں، پانی کی ٹینکی یا دیگر ذخیرہ کرنے والے پانی کے کنستروں یا بالٹیوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔