ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک اور تیل بردار جہاز قبضے میں لے لیا

163
ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک اور تیل بردار جہاز قبضے میں لینے کے بعد اس پر سوار 12 فلپائنی باشندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد ایندھن کی اسمگلنگ گینگ کا حصہ ہیں۔

ایران کی طلباء نیوز ایجنسی ‘ایسنا’ نے صوبہ ہرمزگان میں سرحدی محافظوں کے سربراہ کے حوالے سے بتایا کہ 233.71 بلین ریال (تقریبا 20 لاکھ ڈالر) مالیت کا ایک غیر ملکی بوٹ اور 283،900 لیٹر تیل ضبط کرلیا گیا ہے۔

میجر حسین دہاقی نے کہا کہ تیل بردار جہاز پر 12 فلپائنی سوار تھے جنہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں تفتیش کے لیے متعلقہ عدالتی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے جو ان کے خلاف قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس گروہ پر ایندھن کی اسمگلنگ کا شبہ ہے، ضبط کی گئی تیل کی کھیپ آبنائے ہرمز کے ضلع سرک کے قریب منتقل کردی گئی ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خلیج میں امریکا اور ایران ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

امریکا نے ایرانی تیل کی سپلائی اور خریدو فروخت پرپابندیاں عائد کررکھی ہیں۔

چودہ جولائی کو ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک غیر ملکی ٹینکر روک لیا تھا جس پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ اسمگل شدہ تیل آبنائے ہرمز میں ایران کے جنوبی جزیرے لاراک سے سے تیل اسمگل کرتا ہے۔